اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سحرعالمی نیٹ ورک نے خبردی ہے ترکی کے وزیر خارجہ مولودچاووش اوغلو نے انقرہ میں نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ ترکی اور امریکہ شامی حکومت کے مخالفین کو ٹریننگ دیں گے اور انہیں مسلح کریں گے۔ ترک وزیرخارجہ چاووش اوغلو نے دعوی کیا کہ جن افراد کو امریکہ اور ترکی ٹریننگ دیں گے وہ شامی حکومت کے خلاف جنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے عناصر سے بھی جنگ کریں گے جو شام کی سالمیت کے لئےخطرہ ہیں- ترکی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انقرہ اور واشنگٹن اس مسئلے میں یکساں نظریہ رکھتے ہيں- ترک وزیرخارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ترکی، سعودی عرب، قطر اور امریکا کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں اور دہشت گردوں نے شام میں گذشتہ چار سال سے بحران پیدا کررکھا ہے اور لاکھوں کی تعداد میں شام کے بے گناہ شہری انہی دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل کئے جاچکے ہيں- واضح رہے کہ انہی ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے شام کے رقہ جیسے علاقوں میں اپنی خودساختہ ریاست کا بھی اعلان کررکھا ہے- داعش کے خلاف کاروائي کا دعوی ترک حکام ایک ایسے وقت کررہے ہيں جب دنیا کے مختلف ملکوں کے دہشت گرد شام میں داعش کی صفوں میں شامل ہونے کے لئے ترکی کے ہی راستے شام میں داخل ہوتے ہيں اور ترک حکومت ان دہشت گردوں کو آمد و رفت کے لئے ہر طرح کی سہولت فراہم کرتی ہے- ترکی میں بہت سے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شام میں زخمی ہونےوالے دہشت گردوں کا علاج بھی اسرائیل کے ساتھ ساتھ ترکی کے اسپتالوں میں کیا جاتا ہے -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲